تربت:بلیدہ کے یونین کونسل گلی کوچہ کے وائس چیئرمین پزیر ناصر پلیزئی دوبارہ مبینہ جبری لاپتہ

تربت(گدروشیا پوائنٹ) بلیدہ کے یونین کونسل گلی کوچہ کے وائس چیئرمین پزیر ناصر پلیزئی دوبارہ مبینہ جبری لاپتہ، اہلخانہ کی تشویش۔ انکے والد حاجی ناصر پلیزئی نے پریس ریلیز بیان میں کہاہے کہ انکے فرزند اور یونین کونسل گلی کوچہ کے وائس چیئرمین پزیر ناصر پلیزئی کو ایک بار پھر جبری طور پر لاپتہ کیا گیا ہے۔ وہ 8 نومبر 2025 کی شام تقریباً 3 بجے اپنے چھوٹے بچے کو کہدہ یوسف محلے مدرسہ چھوڑنے کے بعد واپسی پر لاپتہ ہوئے۔ اُس وقت سے ان کا رابطہ مکمل طور پر منقطع ہے اور گمشدگی کی تصدیق ہوچکی ہے۔
حاجی ناصر پلیزئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ پزیر ناصر پلیزئی کی دوسری جبری گمشدگی ہے۔ اس سے قبل انہیں 9 اگست 2025 کو بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں فورسز اور اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔ تقریباً ایک ماہ بعد 7 ستمبر 2025 کو انہیں بازیاب کرایا گیا۔ اس گمشدگی کے خلاف حق دو تحریک بلوچستان نے ڈپٹی کمشنر گوادر آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا تھا، جو ڈپٹی کمشنر کی جانب سے باحفاظت بازیابی کی یقین دہانی کے بعد مؤخر کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہاہے کہ پذیر ناصر پلیزئی ایک منتخب عوامی نمائندے ہیں جو علاقے کی فلاح و بہبود اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ سرگرم رہے۔ ان کے والد حاجی ناصر پلیزئی نہ صرف علاقے کے بااثر قبائلی و سیاسی رہنما ہیں بلکہ حق دو تحریک بلوچستان کے مرکزی وائس چیئرمین بھی ہیں۔ پُرامن سیاسی اور جمہوری جدوجہد کرنے والے خاندان کو دباؤ میں لانے کے لیے اس طرح کے غیر قانونی، غیر انسانی اور اوچھے ہتھکنڈے انتہائی قابلِ مذمت ہیں یہ امر باعثِ تشویش ہے کہ ایک عوامی نمائندہ، جو کبھی کسی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہیں رہا، اسے بار بار ماورائے عدالت جبری طور پر لاپتہ کیا جا رہا ہے۔
انسانی اقدار، انصاف اور آئینی حقوق کے تقاضوں کے مطابق پذیر ناصر پلیزئی کی فوری بازیابی ناگزیر ہے۔