اوتھل(گدروشیا پوائنٹ)لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز میں منعقدہ اسپورٹس گالا آج اختتام پذیر ہوا۔ فائنل میں فٹ بال اور کرکٹ کے دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ فٹ بال کے فائنل میچ میں لوامز گرین نے شاہین فٹبال کلب اوتھل کو 2-1 سے شکست دی، جبکہ کرکٹ کے فائنل میں ڈی وی ایم A نے ایجوکیشن A کو 8 وکٹوں سے ہرا کر ٹرافی جیت لی۔ ڈی وی ایم کے احمد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 34 گیندوں پر 80 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ رسہ کشی میں ایگریکلچر ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ پرووائس چانسلر ڈاکٹر الہی بخش مرغزانی نے فائنل میچز کے اختتام پر کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور شیلڈ تقسیم کیں اور ان کی محنت و کارکردگی کو سراہا۔ تقریب میں رجسٹرار، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔اسپورٹس گالا کے انعقاد اور تعاون پر محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔

