گوادر/تربت (گدروشیا پوائنٹ)گوادر اور تربت سے جانے والی مسافر بسوں کو تلار چیک پوسٹ پر گھنٹوں تک روک لیا گیا۔ اہلکاروں کا مؤقف تھا کہ حکومت نے مسافروں کے سفر پر پابندی عائد کردی ہے۔ گاڑی مالکان نے اس موقع پر حکومت اور کمشنر مکران کی جانب سے جاری دوسرا نوٹیفکیشن دکھایا جس کے مطابق 12 تا 14 نومبر کے دوران سفر پر کوئی پابندی نہیں ہے اور بسوں کو جانے کی اجازت ہے۔ تاہم چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے اس حکومتی نوٹیفکیشن کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے تمام کوچوں کو واپس جانے کا حکم دے دیا۔ متاثرہ بسوں میں خواتین ، طلبہ، مریض اور مختلف اداروں میں ٹیسٹ و انٹرویو دینے والے امیدوار شامل تھے۔ بعدازاں مسلسل اصرار اور انتظامیہ سے رابطے کے بعد گاڑیوں کو کافی تاخیر سے روانہ ہونے دیا گیا۔ اس صورتحال پر نائب صدر بس ٹرانسپورٹ یونین مکران رفیق قاضی نے اہلکاروں کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور مکران انتظامیہ واقعے کا فوری نوٹس لے اور متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے.

