تربت: چیئرمین جاوید کریم کی ڈپٹی کمشنر کیچ سے ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

تربت(گدروشیا پوائنٹ) یونین کونسل بہمن اور نوکباد کے چیئرمین جاوید کریم نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بہمن نوکباد اور ڈنک گوکدان میں بی ایس ڈی آئی پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر چیئرمین جاوید کریم نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی پروگرام عوامی سہولت کے لیے اہم قدم ہے جس کے ذریعے علاقے میں ترقی، روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفاف عملدرآمد کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کے منصوبے حکومت بلوچستان کی ترجیح ہیں اور انتظامیہ مقامی نمائندوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ ترقی کا عمل تیز ہو۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تمپ شے حق حیات اور بی ایس ڈی آئی پروگرام کے فوکل پرسن اعجاز نور بھی موجود تھے۔