ماشکیل (نصیر کبدانی/گدروشیا پوائنٹ) جشنِ ماشکیل ایم پی اے و خادمِ واشک میر حاجی زابد علی ریکی لوکل فٹبال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ شہید عنایت جان کلب اور عبداللہ حسنی کلب کے درمیان کھیلا گیا، جو دلچسپ مقابلے کے بعد شہید عنایت جان کلب نے اپنے نام کر لیا۔ فائنل میچ کے مہمانِ خاص سیاسی و قبائلی شخصیت، فرزندِ ماشکیل میر حاجی عبدالکریم ریکی تھے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ماشکیل احمد زیب کاکڑ، ایس ایچ او سٹی تھانہ ماشکیل رحمت علی ملازئی، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول لدگشت عطاء اللہ محمد حسنی، سینئر ٹیچر نواز علی بلوچ، وائس چیئرمین میر عکاشہ ملازئی، میر دلمراد مرادزئی، میر حاجی نزیر حسنی، نوشاد ظفر ملنگزئی اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خاص میر حاجی عبدالکریم ریکی، اے سی ماشکیل احمد زیب کاکڑ، ایس ایچ او رحمت علی ملازئی اور ہیڈ ماسٹر عطاء اللہ محمد حسنی نے کہا کہ ماشکیل جیسے پسماندہ علاقے میں اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد خوش آئند عمل ہے۔ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا معاشرتی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مہمانانِ خصوصی نے ٹورنامنٹ کمیٹی کے لیے دس، دس ہزار روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔ اختتامی تقریب میں ٹورنامنٹ سرپرستِ اعلیٰ عبدالغنی بلوچ، صدر رحم اللہ بلوچ، سیکرٹری ثناء اللہ مرادزئی، ڈپٹی سیکرٹری طفیل ایچ گل، پریس سیکرٹری نصیر کبدانی، ڈپٹی پریس سیکرٹری شہزاد ساسولی، کامریڈ ابرار برکت، عبید عثمان، ندیم شاہین، حمید ناز، ضیاء بلوچ سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

