اورماڑہ: میونسپل کمیٹی میں کھلی کچہری کا انعقاد، عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی یقین دہانی

اورماڑہ(گدروشیا پوائنٹ)اورماڑہ میونسپل کمیٹی ھال میں عوامی مسائل کے حل اور شہریوں سے براہِ راست رابطے کے مقصد سے ایک شاندار کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اس اہم اجلاس کی صدارت پاکستان آرمی، پاک نیوی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے مشترکہ طور پر کی۔ کھلی کچہری میں پاکستان آرمی کے میجر محمد الیاس، پاک نیوی کے عطا اللہ، ضلعی انتظامیہ کے مہم خان گچکی، اسلم بنگولزئی، تحصیلدار اورماڑہ نور خان، چیئرمین میونسپل کمیٹی محفوظ بلوچ، چیف آفیسر مندوست بلوچ سمیت دیگر افسران اور نمائندگان شریک ہوئے۔ اس موقع پر علاقہ معززین، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سماجی شخصیات، تاجران اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ عوام کو موقع دیا گیا کہ وہ اپنے مسائل اور تجاویز براہِ راست حکام کے سامنے پیش کریں۔ کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے صفائی ستھرائی کے ناقص نظام، پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی، نکاسیِ آب، تعلیمی اداروں کی زبوں حالی، صحت عامہ کے مسائل، سڑکوں کی خستہ حالی، تجاوزات اور گجا مافیا اور منشیات کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیل سے شکایات پیش کیں۔ حکامِ بالا نے تمام مسائل کو بغور سنا اور موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے افسران کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر میجرمحمد الیاس نے کہا کہ عوامی شرکت کے بغیر ترقی کا عمل ممکن نہیں، عوام کے تعاون سے ہی علاقے کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان آرمی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گی۔ ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں نے بھی کہا کہ عوام اور اداروں کے درمیان بہتر رابطہ ہی خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔ اس طرح کے اجتماعات عوام کو اپنی آواز براہِ راست ذمہ دار حکام تک پہنچانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ کھلی کچہری کے اختتام پر شہریوں نے پاکستان آرمی، پاک نیوی، ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ اورماڑہ کے اس مثبت اقدام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء نے کہا کہ ایسے عوامی رابطہ پروگرام عوامی مسائل کے فوری حل میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور اس تسلسل کو برقرار رکھا جانا چاہیے تاکہ اورماڑہ کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے عمل کو مزید تیز کیا جا سکے۔