پسنی:گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پراہگ محلہ پسنی میں ایک روزہ سائنس ایگزیبیشن کا شاندار انعقاد

پسنی(گدروشیا پوائنٹ)گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پراہگ محلہ پسنی میں ایک روزہ سائنسی نمائش کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں نویں جماعت کی طالبات نے مختلف سائنسی موضوعات پر اپنی محنت اور تحقیق سے تیار کی گئی ماڈلز اور پراجیکٹس پیش کیں۔
نمائش میں شامل نمایاں پراجیکٹس میں ایسڈ رین، گلوبل وارمنگ، رینیوایبل انرجی، آرٹی فیشل سیٹلائٹ کا استعمال، ایئر پولیوشن پر قابو پانا، نائٹروجن سائیکل اور ہائیڈرو پاور کے عنوانات شامل تھے۔
طالبات نے اپنے پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے حاضرین کو جدید سائنسی معلومات فراہم کیں۔ ایسڈ رین کے گروپ نے بتایا کہ صنعتی فضلات اور گاڑیوں کے دھوئیں سے پیدا ہونے والے تیزابی مادے جب بارش کے پانی میں شامل ہوتے ہیں تو وہ زمین، فصل اور آبی جانداروں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔
جبکہ گلوبل وارمنگ پراجیکٹ میں درجہ حرارت میں اضافے، برفانی تودوں کے پگھلنے اور موسمی تبدیلیوں کے اثرات کو ماڈلز کے ذریعے واضح کیا گیا۔رینیوایبل انرجی کے منصوبے میں سورج، ہوا اور پانی سے بجلی پیدا کرنے کے ماحول دوست ذرائع پر روشنی ڈالی گئی۔
آرٹی فیشل سیٹلائٹ کے پراجیکٹ میں طالبات نے بتایا کہ مصنوعی سیٹلائٹس زمین کی نگرانی، موسم کی پیشگوئی، اور رابطوں کے نظام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ایئر پولیوشن پر قابو پانے کے منصوبے میں فضائی آلودگی کی وجوہات اور اس کے تدارک کے لیے سائنسی حل پیش کیے گئے۔
نائٹروجن سائیکل کے پراجیکٹ میں زمین، فضا اور پودوں میں نائٹروجن کے قدرتی چکر کو نہایت خوبصورتی سے بیان کیا گیا۔
ہائیڈرو پاور کے ماڈل میں پانی کے بہاؤ سے بجلی پیدا کرنے کے اصول کو عملی مظاہرے کے ساتھ سمجھایا گیا۔ پروگرام کا مہمانِ خصوصی ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (فیمیل) محترمہ مہناز بلوچ تھی، جبکہ پروگرام میں طالبات کی والدہ اور علاقے کی خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے دوران مہمانانِ گرامی نے مختلف پراجیکٹس پر سوالات کیے جن کے جوابات طالبات نے پُراعتماد انداز میں دیے۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ مہناز بلوچ نے اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طالبات کی محنت کو سراہا اور کہا کہ ایسے تعلیمی پروگرام طلبہ میں سائنسی شعور، تخلیقی سوچ اور تحقیق کی عادت کو فروغ دیتے ہیں۔
پروگرام کے آخر میں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات اور دیگر حصہ لینے والی بچیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر شرکاء نے طالبات کی کارکردگی کو خوب سراہا اور اسکول انتظامیہ کی جانب سے آئندہ بھی اسی طرح کے پروگرام منعقد کرانے کی امید ظاہر کی گئی۔