تربت(گدروشیا پوائنٹ) بی این پی کیچ کے جاری بیان کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کیچ کا ایک اہم اجلاس قائمقام ضلعی صدر نصیر احمد بگی کی زیر صدارت شئے ہاؤس سیٹلائیٹ تربت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی کارروائی بی این پی کیچ کے جنرل سیکرٹری شئے ریاض احمد نے چلائی، جبکہ اجلاس کے مہمانِ خاص مرکزی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر عبدالغفور بلوچ تھے۔اجلاس میں تنظیمی امور، موجودہ سیاسی صورتحال، امن و امان اور بارڈر بندش جیسے اہم نکات پر تفصیلی اور جامع بحث کی گئی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی اپنے منشور، قومی بقاء، ننگ و ناموس کے تحفظ، اور بلوچستان کے ساحل و وسائل پر عوامی اختیار کی جدوجہد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔ پارٹی نے عہد کیا کہ جمہوری اور پرامن جدوجہد کے تسلسل کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا۔اجلاس میں بعض غیر سیاسی اور نابالغ ذہنیت رکھنے والے عناصر کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ سیاست کو صرف اقتدار، لالچ اور مراعات کا ذریعہ سمجھتے ہیں، جس کے باعث بلوچ قومی جدوجہد کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ شرکاء نے کہا کہ بلوچ عوام کے لیے اقتدار یا چند نشستوں سے زیادہ اپنی قومی شناخت، بقاء اور تشخص اہمیت رکھتے ہیں، جسے غیر آئینی طرزِ عمل سے مسخ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
شرکاء نے کہا کہ بلوچستان میں روزانہ ماؤں کے لاشے اٹھانے کا سلسلہ ان مفاد پرست سیاستدانوں کی وجہ سے جاری ہے جو اقتدار اور مراعات کو اپنا قبلہ بنا چکے ہیں۔اجلاس میں واضح کیا گیا کہ جن عناصر میں عوامی نمائندگی یا جمہوری جدوجہد کی سکت نہیں، ان کی رخصتی پارٹی کے لیے خوش آئند ہے، تاکہ بی این پی اپنی پرامن، جمہوری اور نظریاتی جدوجہد کو چند افراد کی خاطر قربان نہ کرے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحصیل تربت کے تمام یونٹس اپنی تنظیمی تیاریاں مکمل کریں۔ ضلعی قیادت جلد یونٹس کے دورے کرے گی اور تحصیل تربت کے تنظیمی انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔
اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کیچ کے نائب صدر حاجی عبدالعزیز، کسان سیکرٹری جلیل یوسف، انفارمیشن سیکرٹری شئے نوروز بلوچ، فنانس سیکرٹری شئے مشتاق احمد، لیبر سیکرٹری عبدالغفور صباء، پروفیشنل سیکرٹری سراج احمد، تحصیل بلیدہ زامران کے صدر حاجی عبدالرحمن شمبے زئی، بی ایس او تربت زون کے صدر شئے فراز احمد، اور دیگر سینئر اراکین ایڈوکیٹ عبدالمجید دشتی، عبدالقیوم، ساجد علی، اسماعیل، دوست محمد، فتح محمد، محمد آسمی اور نثار احمد شریک تھے۔

