آواران ( گدرشیا پوائنٹ)ڈان انگلش لینگویج اکیڈمی میں ایک شاندار تعلیمی و تفریحی پروگرام منعقد ہوا، جس میں اکیڈمی کے بچوں اور بچیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔پروگرام کی صدارت اکیڈمی کے ڈائریکٹر محسن محمد جان نے کی، جبکہ اکیڈمی کے ٹیچر اختر جان نے پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض نہایت خوبصورتی اور بہترین انداز میں انجام دیے۔ طلبہ و طالبات نے مختلف موضوعات پر اپنی تقاریر، خیالات اور تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر محسن محمد جان نے طلبہ کی محنت اور لگن کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرام بچوں کے اعتماد اور تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ٹیچر اختر جان نے بھی بچوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈان اکیڈمی ہمیشہ طلبہ کی فکری و علمی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے کوشاں ہے۔پروگرام میں ارکیالوجی ڈیپارٹمنٹ اواران کے آفیسر جلیل معراج بلوچ، ملک سی آئی ٹی اواران کے چیف کوآرڈینیٹر سر شمیم نصرت، بلوچی زبان کے شاعر و رائٹر جی ایم میا، اور برائیٹر فیوچر اکیڈمی کے ڈائریکٹر وحید بلوچ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور طلبہ کی کارکردگی کو سراہا۔ پروگرام کے مہمانِ خاص بی ایس او پجار کے مرکزی رکن شفیق مہر تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے، اور نوجوانوں کو علم و عمل کے راستے پر گامزن رہنا چاہیے۔ پروگرام کے اختتام پر ریفریشمنٹ کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جس میں تمام معزز مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ خوشگوار ماحول میں یہ خوبصورت تقریب اپنی یادگار لمحات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

