وندر: اتحاد کلب ڈام کی فٹبال میدان میں شاندار فتح، فہد کلب سونمیانی کو شکست

وندر(گدروشیا پوائنٹ)وندر آل تحصیل میر در محمد درانی جاموٹ میموریل فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار تسلسل جاری، اتحاد کلب ڈام کی ایک گول سے کامیابی
وندر آل تحصیل میر در محمد درانی جاموٹ میموریل فٹبال ٹورنامنٹ 2025 وندر میں جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے۔ 7ویں روز کھیلے گئے اہم میچ میں اتحاد کلب ڈام نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فہد کلب سونمیانی کو ایک گول سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔

میچ کی تقریب کے مہمانِ خصوصی جتک جرگہ کونسل کے ضلعی صدر، جام گروپ کے سینئر رہنما اور معروف قبائلی شخصیت حاجی سکندر علی جتک تھے۔ ان کی آمد پر شاندار استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں روایتی اجرک پہنائی گئی۔

ٹورنامنٹ آرگنائزر حاجی غلام مصطفیٰ بلوچ نے حاجی سکندر علی جتک اور بہرام جتک کو اجرک پیش کی۔ مہمان خصوصی نے خطاب میں کہا کہ کھیل نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کمیٹی کے لیے 30 ہزار روپے امداد کا اعلان بھی کیا۔

تقریب میں صدر ٹورنامنٹ ثناء اللہ برادیہ، سیکریٹری میر گلا خان پٹھان، صحافی محمد رمضان لاسی، جاوید عزیزی، صدام ساجدی اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شائقین نے اتحاد کلب کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔