تربت: یونیورسٹی آف تربت کے لئے اعزاز: ہونہارطالب علم میر زنگی کی ’’یوتھ کی اُڑان‘‘ وائی پی ڈی سی فیلوشپ پروگرام میں شاندار کارکردگی

تربت(گدروشیا پوائنٹ)یونیورسٹی آف تربت کے ہونہارطالب علم اور تربت (یونیورسٹی ینگ پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کورپس چیپٹر) کے صدر میر زنگی نے قومی نوجوانوں کی تحریک (یوتھ کی اُڑان)کے تحت منعقدہ (وائی پی ڈی سی اسکلز فیلوشپ پروگرام 2025) شاندار کامیابی کے ساتھ مکمل کیاہے۔یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور پوری یونیورسٹی کمیونٹی نے میر زنگی کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی اور اسے تربت یونیورسٹی کے لیے باعث اعزاز قرار دیاہے۔اس (فیلوشپ پروگرام) میں ملک بھر کی 45 سے زائد جامعات کے 131 نوجوان رہنماؤں نے حصہ لیا، جس میں ان کو ایک ہفتے پر مشتمل (عوامی پالیسی) (طرزحکمرانی) (ابلاغ) اور (اے آئی لٹریسی) جیسے اہم موضوعات پر جامع تربیت دی گئی۔ اس تربیتی پروگرام کے شرکاء کو (وزیراعظم آفس) (پارلیمنٹ) اور اہم وزارتوں کے مطالعاتی دورے بھی کرائے گئے۔پروگرام کے گریجویشن تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں فعال کردار ادا کریں۔اس پروگرام میں بلوچستان اور تربت یونیورسٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے میر زنگی نے نہ صرف اپنی یونیورسٹی بلکہ پورے صوبے کا نام روشن کیاہے۔ ان کی اس کامیابی نے یہ ثابت کیا ہے کہ تربت یونیورسٹی کے طلبہ پاکستان کے مستقبل کی قیادت اور تعمیروترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔