گوادر: زمیک بلوچستان کی “سرسبز بلوچستان” مہم دوسرے دن میں داخل

گوادر(گدروشیا پوائنٹ)زمیک بلوچستان کی جانب سے جاری “سرسبز بلوچستان” مہم کامیابی کے ساتھ اپنے دوسرے دن میں داخل ہو گئی۔ اس موقع پر پاکستان چائنا ہائی اسکول فقیر کالونی اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول شمبے اسماعیل میں 100 پودے لگائے گئے۔ اس اہم سرگرمی میں میڈم بلقیس سلیمان اور میڈم پروین نواز نے خصوصی تعاون فراہم کیا، جنہوں نے طلبہ کو ماحول کے تحفظ کی اہمیت سے آگاہ کیا اور مہم کو کامیاب بنانے میں عملی کردار ادا کیا۔ زمیک بلوچستان کی بانی، نفیسہ بلوچ نے کہا کہ یہ مہم بلوچستان کو سرسبز اور ماحولیاتی طور پر مضبوط بنانے کی ایک اہم کوشش ہے۔ ہر ادارے کو 50 پودے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ یہ پیغام تعلیمی اداروں اور کمیونٹی تک پہنچ سکے کہ درخت لگانا آنے والی نسلوں کے تحفظ کی ضمانت ہے۔
زمیک بلوچستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ مقامی کمیونٹیز، تعلیمی ادارے اور نوجوان مل کر ایک پائیدار اور ماحولیاتی طور پر محفوظ بلوچستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں.