تربت(گدروشیا پوائنٹ) محکمہ اسپورٹس کیچ کے زیرِ اہتمام سرکٹ ہاؤس تربت میں اسپورٹس سامان کی تقسیم کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کیچ عبدالغفار دشتی نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی صوبائی مشیر برائے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز بلوچستان مینا مجید بلوچ تھیں۔ تقریب میں تربت، مند اور بی ایریا کی فٹبال و کرکٹ ٹیموں کے نمائندہ کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ صوبائی مشیر اسپورٹس مینا مجید بلوچ نے پہلے مرحلے میں فٹبال کی پانچ اور کرکٹ کی پندرہ ٹیموں میں اسپورٹس کا ضروری سامان تقسیم کیا۔ کرکٹ ٹیموں کو جرسی، بیٹ، بال اور ٹیپ جبکہ فٹبال ٹیموں کو جرسی، فٹبال اور گول نیٹ کا سامان فراہم کیا گیا۔ صوبائی مشیر اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز مینا مجید بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر ٹیم اور کھلاڑی کو مکمل اسپورٹس سامان یا فنڈز فراہم کرنا چاہتی ہیں تاہم محکمہ کے پاس فنڈز کی کمی ہے۔ تھوڑے بہت اسپورٹس فنڈز ضرور ملتے ہیں لیکن وہ صرف ضلع کیچ کیلئے نہیں بلکہ پورے صوبے کی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں تقسیم ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ٹیموں کی ازسرِنو رجسٹریشن کروا رہی ہوں تاکہ کھیلوں میں حصہ لینے والی ٹیموں کو براہِ راست فائدہ پہنچ سکے۔ مزید کہا کہ اسکولوں کیلئے کوچ ٹیچرز بھرتی کیے جارہے ہیں جو طلباء و طالبات کو کھیلوں کی تربیت فراہم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک اسپورٹس سپورٹ کارڈ بھی متعارف کرایا جارہا ہے جس کے ذریعے اچھے کھلاڑیوں کو زندگی بھر معمولی مگر مستقل معاوضہ دیا جائے گا۔ اس موقع پر مختلف علاقوں کے کھلاڑیوں نے اسپورٹس منسٹر مینا مجید کو اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔ تقریب میں سابق اسپورٹس آفیسر حبیب دشتی اور دیگر موجود تھے تقریب کے نظامت کے فرائض کیپٹن باسط بلوچ نے سر انجام دیئے۔

