نوشکی ( گدروشیاء پوائنٹ ) ایم پی اے نوشکی حاجی میر غلام دستگیر بادینی نے نوشکی میں حالیہ چوری و ڈکیتی کی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مل ماککی ہوٹل پر چوری و لوٹ مار کا واقعہ ضلع میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام عدم تحفظ کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ پولیس کی کارکردگی مایوس کن دکھائی دیتی ہے۔ چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں اضافہ عوامی اعتماد کو متزلزل کر رہا ہے، جس پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ ایم پی اے حاجی میر غلام دستگیر بادینی نے پولیس حکام سے ہدایت کیا کہ چوری و ڈکیتی میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی اور گشت کے نظام کو مؤثر بنانے کے بغیر عوامی تحفظ ممکن نہیں۔ عوامی نمائندے کے طور پر وہ ہر فورم پر اس مسئلے کو اٹھائیں گے تاکہ نوشکی کو دوبارہ پرامن بنایا جا سکے۔

