تربت(گدروشیا پوائنٹ)ضلع کیچ کے ڈسٹرکٹ پولیو فوکل پرسن اور یونین کونسل سنگانی سر کے فرسٹ لیول سپروائزر ظریف علیان رند نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ضلع کیچ سمیت یونین کونسل سنگانی سر میں 15 نومبر سے 29 نومبر تک ایم آر (خسرہ اور روبیلا) ویکسینیشن مہم بھرپور طریقے سے شروع کی جارہی ہے۔ اس مہم کے دوران محکمہ صحت کی ماہر اور تربیت یافتہ ٹیمیں گھر گھر جا کر اور مخصوص سیشن سائٹس پر چھ ماہ سے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے مفت لگائیں گی۔ ظریف علیان رند نے کہا کہ خسرہ ایک انتہائی خطرناک اور جان لیوا بیماری ہے، جسے بلوچی زبان میں “سھرک” کہا جاتا ہے۔ یہ مرض نہ صرف بچوں کو آنکھوں کی روشنی سے محروم کرسکتا ہے بلکہ ان کی زندگی کے لیے بھی شدید خطرہ بن جاتا ہے۔
اسی طرح روبیلا جسے آسٹریلین خسرہ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایک متعدی بیماری ہے جو اگر بروقت ویکسین نہ لگوائی جائے تو بچوں کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کا مقصد بچوں کو ان خطرناک بیماریوں سے مکمل تحفظ فراہم کرنا اور ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دینا ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں مہم کے دوران اسکولوں، دیہاتوں اور شہری علاقوں میں جا کر بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گی۔
ظریف علیان رند نے والدین، اساتذہ کرام، مذہبی رہنماؤں اور تمام مکاتبِ فکر سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، تاکہ کوئی بھی بچہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہ رہ جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قومی ذمہ داری ہے کہ ہم سب مل کر اپنے بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسی خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اس مہم کو بھی کامیاب بنانے کے لیے عوامی تعاون انتہائی ضروری ہے، کیونکہ ایک محفوظ بچہ ہی ایک صحت مند قوم کی بنیاد ہوتا ہے۔

