تربت(گدروشیا پوائنٹ)ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے کہا ہے کہ بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ اسکیم (BSTD) کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور معائنہ اب ڈپٹی کمشنر آفس خود کرے گا۔ اپنے دفتر میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ تمام کنٹریکٹرز اور ایگزیکیوٹنگ ایجنسیز اپنے کام کو مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر انجام دیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ کا کہنا تھا کہ ہر منصوبے کی چار مختلف سطحوں پر انسپیکشن کی جائے گی تاکہ عوامی فنڈز کے درست اور مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔ اگر کسی بھی منصوبے میں ناقص کام یا کرپشن کی شکایت ثابت ہوئی تو متعلقہ کمپنی کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جن محکموں کے سربراہان ناقص منصوبوں کے باوجود Completion Certificate جاری کریں گے، ان کے خلاف بھی اینٹی کرپشن کے ذریعے کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے میڈیا نمائندوں پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت کے لیے اپنا کردار ادا کریں، ان منصوبوں کے پی سی ون سمیت تمام دستاویزات عوامی ریکارڈ کا حصہ ہیں اور ان تک رسائی ہر شہری کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری، طالب علم یا سول سوسائٹی کے نمائندے کو کسی منصوبے میں سست روی یا ناقص معیار کی نشاندہی کرنی ہو تو وہ براہِ راست ڈپٹی کمشنر آفس سے رابطہ کرے، ضلعی انتظامیہ ہر شکایت پر فوری کارروائی کرے گی۔

