تربت(گدروشیا پوائنٹ)بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو پروگرام کے انجینئر محمد عالم نے بدھ کے روز ضلع کیچ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کرکے جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ایکسیئن بی اینڈ آر مجیب الرحمٰن، ایکسیئن ایریگیشن محمد رضا اور سول ورکس محکموں کے متعلقہ اسسٹنٹ و سب انجینئرز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انجینئر محمد عالم نے سب سے پہلے تربت کے علاقے ملائی بازار میں جاری سڑک کی تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایکسیئن سی اینڈ ڈبلیو مجیب الرحمٰن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سڑک کی زمین کی لیولنگ اور بجری بچھانے کا عمل جاری ہے جبکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے سیوریج لائن کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد سڑک کی کارپیٹنگ کا کام شروع کیا جائے گا۔ بعدازاں انجینئر محمد عالم نے گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول زور بازار کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری تعمیر و مرمت کے کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے کلاس رومز میں پلاسٹر، ٹائل ورک، باونڈری وال کی مرمت اور رنگ و روغن کے معیار کا جائزہ لیتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ اس کے بعد انہوں نے کیچ ندی میں زیر تعمیر حفاظتی بند کے منصوبے کا معائنہ کیا۔ ایکسیئن ایریگیشن محمد رضا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ندی میں ڈائیورشن بند اور لیڈنگ کٹ کی تعمیر جاری ہے تاکہ بارشوں کے دوران پانی کے بہاؤ کو محفوظ سمت میں موڑا جاسکے اور بند کو ممکنہ نقصان سے بچایا جاسکے۔ آخر میں انجینئر محمد عالم نے آبسر کے مقام پر مرکزی شاہراہ کی توسیعی منصوبے کا معائنہ کیا۔ ایکسیئن بی اینڈ آر مجیب الرحمٰن نے بتایا کہ گرڈ اسٹیشن کے قریب سڑک کی توسیع کا کام شروع کیا جاچکا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی میں بہتری لائی جا سکے۔ اس موقع پر انجینئر محمد عالم نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں کام کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنائی جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

