تربت: پی ایم اے کیچ کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری تقریب، ڈاکٹروں کا اتحاد عوامی صحت کی بہتری کا ضامن قرار

تربت (گدروشیا پوائنٹ) تربت ٹیچنگ اسپتال میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) ضلع کیچ کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری تقریب منعقد ہوئی، جس میں ضلع بھر سے ڈاکٹروں، میڈیکل ماہرین اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں ڈاکٹر تاج بلوچ نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا۔ نئی کابینہ میں صدر ڈاکٹر عبدالغنی، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شعیب کاشانی، سینئر نائب صدر ڈاکٹر آصف بلوچ، جونیئر نائب صدر ڈاکٹر افضل بلوچ، سینئر جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر عادل بلوچ، جونیئر جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر نصیر احمد، انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر عمیرہ بلوچ اور فنانس سیکرٹری ڈاکٹر اقبال بلوچ شامل ہیں۔اس موقع پر مکران میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر افضل خالق، ایم ایس تربت ٹیچنگ اسپتال ڈاکٹر وحید بلیدی، ڈاکٹر ظفر بلوچ، ڈاکٹر گل محمد، ڈاکٹر چاکر کاشانی، ڈاکٹر یحییٰ بلوچ، ڈاکٹر محبوب بلوچ، ڈاکٹر امام بخش عالم بلوچ، ڈاکٹر مصباح منیر، ڈاکٹر فیروز بلوچ، ڈاکٹر پیرجان بلوچ، ڈاکٹر شفیق بلوچ سمیت متعدد سینئر معالجین شریک ہوئے۔
پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی نائب صدر باقی بلوچ اور ضلعی جنرل سیکرٹری مول جان دشتی بھی تقریب میں موجود تھے۔شرکائے تقریب نے پی ایم اے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنظیم ڈاکٹروں کے پیشہ ورانہ مسائل کے ساتھ ساتھ عوامی صحت کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔صدر پی ایم اے کیچ ڈاکٹر عبدالغنی بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع کیچ کے اسپتالوں میں سہولیات کے فروغ اور ڈاکٹروں کے مسائل کے حل کے لیے پی ایم اے مؤثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کا اتحاد ہی سب سے بڑی طاقت ہے اور ہم نظم و اتحاد برقرار رکھ کر عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شعیب کاشانی نے کہا کہ تربت سمیت مکران کے اسپتالوں میں سہولیات کی کمی ایک سنگین مسئلہ ہے، جسے اجتماعی کوششوں اور بہتر منصوبہ بندی سے حل کیا جا سکتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی گئی اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ نئی قیادت صحت کے شعبے میں بہتری اور عوامی خدمت کے جذبے کو مزید فروغ دے گی۔