تربت(گدروشیا پوائنٹ) بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کے پرنسپل اکبر اسماعیل نے ایک منفرد اور سبق آموز سرگرمی کے ذریعے ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے لیے ایک بہترین مثال قائم کی۔ اسکول میں “اسٹوڈنٹس ڈے” منایا گیا۔ جس میں پرنسپل، وائس پرنسپل، پی ٹی آئی اور مختلف اساتذہ کی ایک روزہ ذمے داریاں طلباء کو سونپی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کے پرنسپل محمد اکبر اسماعیل نے اساتذہ کی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا کہ طلباء کو عملی طور پر نظم و ضبط، تدریسی نظام اور تعلیمی ماحول کے انتظامی امور سمجھائے جائیں۔ اس مقصد کیلئے ہفتے کے روز اسکول کا پورا دن طلباء کے حوالے کیا گیا۔ جس کے دوران ایک طالبعلم کو پرنسپل، ایک کو وائس پرنسپل، ایک کو پی ٹی آئی اور دیگر طلباء کو ان کے پسندیدہ مضامین کے لحاظ سے ایک روزہ اساتذہ مقرر کیا گیا طلباء نے کامیابی کے ساتھ تمام کلاسز پڑھایا اور نظم و ضبط برقرار رکھا۔ ایک روزہ “پرنسپل” بننے والے طالبعلم نے اپنے تاثرات میں کہا کہ اسکول کو ہمارے حوالے کرکے پرنسپل اور اساتذہ نے ہم پر اعتماد کیا۔ اس تجربے سے ہمیں اندازہ ہوا کہ ایک پرنسپل اور استاد اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے کن مشکلات سے گزرتے ہیں۔ یہ سرگرمی نہایت سبق آموز اور متاثرکن رہی۔ اسکول کے اصل پرنسپل محمد اکبر اسماعیل نے اپنے تاثرات میں کہا کہ اس سرگرمی کا مقصد طلباء میں احساسِ ذمہ داری پیدا کرنا ہے تاکہ وہ جان سکیں کہ مستقبل میں انہیں معاشرے کے معمار کے طور پر کس طرح کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہفتے کے روز اسکول میں دس کلاسیں معمول کے مطابق چل رہی تھیں اور طلباء نے پورے نظم و ضبط کے ساتھ تدریسی عمل جاری رکھا۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل اکبر اسماعیل نے ایک روزہ پرنسپل، وائس پرنسپل اور تمام طلباء اساتذہ کو کامیاب سرگرمی پر مبارکباد پیش کی

