تربت:ہوشاب جی ٹی اے کے انتخابات مکمل، ریاض احمد دوبارہ بلامقابلہ صدر منتخب

تربت(گدروشیا پوائنٹ)گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان تحصیل ہوشاب کے انتخابات آج گورنمنٹ ہائی اسکول ہوشاب میں منعقد ہوئے۔ انتخابی عمل کی نگرانی ضلعی نائب صدر عبدالمجید بزنجو اور ضلعی آڈیٹر ڈاکٹر امیر بخش نے کی، جبکہ تقریب کے مہمانِ خاص مرکزی چیف آرگنائزر اکبر علی اکبر تھے۔ انتخابات میں ایک ہی پینل نے نامزدگیاں جمع کروائیں، جس کے تحت ریاض احمد (ایس ایس ٹی، ہائی اسکول ہوشاب) دوبارہ بلامقابلہ صدر اور ذاکر علی (ایس ایس ٹی، ہائی اسکول ڈنڈار) بلامقابلہ جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔ دیگر عہدوں پر انام بلوچ سینئر نائب صدر، نواز علی نائب صدر، نواب علی نائب صدر دوئم، نازیہ نائب صدر خاتون، حسین قادر ڈپٹی سیکریٹری، آزاد علی پریس سیکریٹری، وارث علی سیکریٹری مالیات، بجار یار سیکریٹری اسپورٹس، ندیم احمد جوائنٹ سیکریٹری، حاتم علی آفس سیکریٹری، وسیلہ خاتون سیکریٹری خواتین، مختیار احمد آڈیٹر، عبدالرضاء چیئرمین، عبدالوحید وائس چیئرمین، حبیب اللہ آرگنائزر اور امتیاز احمد ڈپٹی آرگنائزر منتخب ہوئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیف آرگنائزر اکبر علی اکبر نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حقوق کے حصول کے لیے میدان میں اترنا ضروری ہے، کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ گھر بیٹھ کر کوئی حق نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ اپنی شاہ خرچیوں میں مصروف ہے اور تعلیم و اساتذہ کے مسائل سے لاپروا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کنٹریکٹ پر بھرتیوں کی پالیسی نوجوانوں میں مایوسی پیدا کر رہی ہے، جس سے تعلیمی ماحول پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر کنٹریکٹ پالیسی منسوخ کرے اور جونیئر اساتذہ کے پروموشن رولز میں بہتری لا کر ترقیوں کے عمل کو بحال کرے۔ اجلاس سے ڈاکٹر امیر بخش، ریاض احمد، حبیب اللہ اور عبدالمجید بزنجو نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ متحد اور منظم ہو کر جی ٹی اے بی کو مزید مضبوط و فعال بنائیں۔