تربت (گدروشیا پوائنٹ) مکران کے سینئر قانون دان سعید فیض نے بلوچستان کے وکلا برادری اور بار تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ جاڑین دشتی ایڈووکیٹ کی حمایت کرتے ہوئے بار کونسل میں ایسی قیادت کو آگے لائیں جو اصولوں پر قائم، فعال اور وکلا کے حقیقی مسائل سے آگاہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بار کونسلیں وکلا برادری کی نمائندہ ادارے ہیں جہاں مضبوط اور شفاف قیادت نہ صرف وکلا کے حقوق کے تحفظ میں معاون ثابت ہوتی ہے بلکہ انصاف کے پورے نظام پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ ایڈووکیٹ سعید فیض نے کہا کہ وکلا معاشرے میں انصاف کی فراہمی، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے بنیادی ستون کا کردار ادا کرتے ہیں۔ وکلا ہمیشہ سے ریاستی اور سماجی سطح پر اصولی جدوجہد کے علمبردار رہے ہیں۔ ایسے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ وکلا اپنی تنظیموں کو مضبوط کریں، صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور اختلافات سے بالاتر ہو کر اجتماعی جائز مفادات کو ترجیح دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے حالات میں وکلا کو ایسے نمائندوں کی ضرورت ہے جو بار کونسل کے پلیٹ فارم پر وکلا کی عزت، پیشہ وارانہ غیرت اور حقوق کی پاسداری کو مقدم سمجھیں۔ ان کے مطابق جاڑین دشتی ایڈووکیٹ ایک سنجیدہ، تجربہ کار اور پیشہ وارانہ اخلاقیات کے حامل وکیل ہیں جنہوں نے ہمیشہ وکلا برادری کے درمیان ربط و ہم آہنگی کو فروغ دینے میں کردار ادا کیا۔ ایڈووکیٹ سعید فیض نے مزید کہا کہ بار کونسل میں موثر قیادت نہ صرف وکلا کے مسائل جیسے فلاح و بہبود، ججز کے ساتھ رابطہ کاری، پیشہ وارانہ تربیت اور لیگل ایجوکیشن کے معیار کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ نوجوان وکلاء کی رہنمائی اور ان کے لیے بہتر پلیٹ فارمز کی فراہمی بھی ممکن بنا سکے گی۔ انہوں نے آخر میں امید ظاہر کی کہ وکلا برادری باشعور ہے اور آنے والے انتخابات میں ایسا فیصلہ کرے گی جو نہ صرف بار کونسل بلکہ انصاف کے پورے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

