تربت(گدروشیا پوائنٹ) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن تحصیل سامی کے انتخابات گورنمنٹ ہائی اسکول سامی میں منعقد ہوئے۔ اجلاس کی صدارت ضلعی نائب صدر عبدالمجید بزنجو نے کی، جبکہ مرکزی چیف آرگنائزر اکبر علی اکبر مہمانِ خاص تھے۔انتخابات میں ایک ہی پینل نے نامزدگیاں جمع کرائیں، جس کے تحت سعید جان (ایس ایس ٹی ہائی اسکول شاپک) بلا مقابلہ صدر اور فراز احمد جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔ دیگر منتخب عہدیداران میں محمد عیسیٰ سینئر نائب صدر، ملنگ شاہ نائب صدر، مقبول احمد نائب صدر دوم، مائی گل نائب صدر خاتون، ساجد علی ڈپٹی سیکریٹری، ریاض احمد پریس سیکریٹری، غوث بخش بلوچ سیکریٹری مالیات، صادق علی سیکریٹری اسپورٹس، دوستین جوائنٹ سیکریٹری، گلزار احمد آفس سیکریٹری، گل جان سیکریٹری خاتون، محمد عظیم آڈیٹر، چاکر خان چیئرمین، محمد عظیم وائس چیئرمین، حامد علی آرگنائزر اور محمد حنیف ڈپٹی آرگنائزر شامل ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیف آرگنائزر اکبر علی اکبر نے کہا کہ اساتذہ جی ٹی اے بی کے پلیٹ فارم پر متحد و منظم ہیں اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے نئی تحصیل کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جدوجہد ہی کامیابی کی ضمانت ہے، اس لیے ہر کارکن کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر ضلعی نائب صدر عبدالمجید بزنجو اور نومنتخب تحصیل صدر سعید جان نے بھی خطاب کیا اور اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اظہار کیا۔

