تربت (گدروشیا پوائنٹ) تربت کے علاقے آبسر کے محلہ بلوچی بازار میں معروف اور معزز شخصیت واجہ پیر محمد قومی کی رسمِ سوئم ان کی رہائشگاہ پر عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔ سوئم میں کراچی اور مکران کے مختلف علاقوں سے مرحوم کے اہلِخانہ، عزیز و اقارب مقامی دوست احباب، سماجی، سیاسی، کاروباری، ادبی، صحافیوں ،مذہبی اور دیگر شعبوں کی نمایاں شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں شرکاء نے مرحوم کے فرزندان تربت پریس کلب کے سابق صدر و سینئر صحافی لعل بخش قومی، ڈاکٹر خدا بخش قومی، مولابخش قومی، الہی بخش قومی، شوکت قومی اور داماد امام بخش بہار سمیت خاندان کے دیگر افراد سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی۔ شرکاء نے اس موقع پر کہا کہ مرحوم واجہ پیر محمد قومی ایک سادہ مزاج، نیک دل، محنتی اور شفیق انسان تھے جنہوں نے اپنی زندگی میں ہمیشہ دوسروں کی بھلائی اور خدمت کو ترجیح دی۔ ان کی وفات نہ صرف قومی خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے ایک بڑا سانحہ اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ تعزیتی اجتماع کے اختتام پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے بلند درجات، مغفرت اور لواحقین کے صبرِ جمیل کے لیے دعا کی گئی پھر خیرات کیساتھ سوئم اختتام پذیر ہوگئی

