اوتھل:لسبیلہ یونیورسٹی میں فاٹا بلوچستان اسکالرشپ آگاہی سیشن، طلبا و طالبات کو تفصیلی رہنمائی فراہم

اوتھل (گدروشیا پوائنٹ)لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز میں فاٹا بلوچستان اسکالرشپ کے حوالے سے ایک آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد سے پروجیکٹ ڈائریکٹر بحرام جان، ریسرچ ایسوسی ایٹ محمد افضل اور ایچ ای سی ریجنل سینٹر کوئٹہ کے پرائیویٹ سیکرٹری نور اللہ خان نے شرکت کی۔سیشن کا مقصد مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات کو اسکالرشپ کی تفصیلات اور اس کے لیے درکار اہلیت سے آگاہ کرنا تھا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر الہی بخش مرغزانی، ڈائریکٹر فنانشل ایڈ ڈاکٹر محب اللہ کاکڑ، ڈپٹی ڈائریکٹر حاجی فیاض حسین، ڈپٹی رجسٹرار اکیڈمکس فقیر محمد بلوچ سمیت دیگر اساتذہ اور طلبا بڑی تعداد میں موجود تھے۔سیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین نے کہا کہ “بلوچستان کے طلبا و طالبات کے لیے یہ اسکالرشپ سنہری موقع ہے جو میرٹ کی بنیاد پر دی جا رہی ہے، طلبا کو چاہیے کہ وہ محنت اور لگن سے پڑھائی کر کے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔”

ریسرچ ایسوسی ایٹ محمد افضل نے بتایا کہ اسکالرشپ فیز II کی کامیاب تکمیل کے بعد بلوچستان اور فاٹا کے ایسے طلبا و طالبات کے لیے 5000 اسکالرشپ رکھی گئی ہیں جنہوں نے انٹرمیڈیٹ میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کیے ہیں۔ ان کے مطابق 90 فیصد اسکالرشپ بلوچستان کے اندر تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو اور 10 فیصد دیگر صوبوں میں زیر تعلیم طلبا کے لیے مخصوص ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسکالرشپ کے لیے اپلائی کرنے کا آن لائن نظام نہایت آسان اور شفاف بنایا گیا ہے، تاکہ طلبا کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ اسکالرشپ ضلع وار اور آبادی کے تناسب سے تقسیم ہوں گے اور کامیاب طلبا کے تمام تعلیمی اخراجات ہائر ایجوکیشن کمیشن برداشت کرے گا۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر بحرام جان نے طلبا کے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اسکالرشپ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور انہیں ٹیسٹ کی تیاری کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔