تربت() ڈی او ای کیچ اصغر علی کا بوائز مڈل اسکول بہمن کا دورہ، مسائل کے حل کی یقین دہانی، اے ڈی او ای مسعود احمد انکے ہمراہ تھے تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن کیچ اصغر علی بلوچ نے گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول بہمن کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن مسعود احمد بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران ڈی او ای اصغر علی بلوچ نے کلاسز کا تفصیلی معائنہ کیا، تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور طلبہ سے مختلف تعلیمی سوالات کیے تاکہ تعلیمی معیار کا اندازہ لگایا جا سکے۔ بعد ازاں انہوں نے اسٹاف روم میں اساتذہ کی حاضری رجسٹر بھی چیک کی۔ ہیڈماسٹر عبدالستار نے اسکول کے دیرینہ مسائل سے افسران کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ کئی بنیادی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔
ان کے مطابق اسکول کی چار دیواری کی لمبائی بہت کم ہےجس کے باعث نشئی افراد اور محلے کے بچے باآسانی اندر داخل ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چار دیواری کو فوری طور پر بڑھا کر مضبوط کیا جائے تاکہ اسکول کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ہیڈماسٹر نے مزید کہا کہ سکول میں اسٹاف روم کی شدید کمی ہے، فی الحال ایک کلاس روم کو عارضی طور پر اسٹاف روم کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جہاں تمام اساتذہ ایک ساتھ نہیں بیٹھ سکتے۔ اس کے علاوہ اسکول میں چوکیدار کی اشد ضرورت ہے تاکہ عمارت اور املاک کی حفاظت ممکن بنائی جا سکے۔ ڈی او ای اصغر علی بلوچ نے ہیڈماسٹر کی نشاندہی پر مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ وہ تمام مسائل متعلقہ حکام تک پہنچائیں گے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے موقع پر اسکول کے لیے نصب کیے گئے نئے موٹر کا افتتاح بھی کیا اور اپنے دستِ مبارک سے درختوں کو پانی دے کر طلباء و اساتذہ کو صفائی اور ماحول دوست سرگرمیوں کی تلقین کی۔
واضح رہے کہ یہ نیا بجلی کا موٹر بمعہ سامان یونین کونسل بہمن کے چیئرمین جاوید کریم دشتی کی جانب سے اسکول کو فراہم کیا گیا تھا۔ مقامی سطح پر اس اقدام کو تعلیمی اداروں کے لیے مثبت اور عملی تعاون قرار دیا جا رہا ہے۔

