تربت(گدروشیا پوائنٹ) ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن (اسکولز) مکران ڈویژن کے زیراہتمام گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کے کانفرنس ہال میں “انسداد کرپشن” کے موضوع پر ڈویژنل لیول پر تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن (اسکولز) مکران عبدالغفور دشتی تھے جبکہ اعزازی مہمان ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ منظور احمد بلوچ، ای ڈی او اصغر علی بلوچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن مکران سرکل فرید سخی تھے۔ تقریب میں انٹی کرپشن سرکلل کے آفیسر فاروق بلوچ سمیت دیگر میل و فیمل افسران اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ پروگرام میں مکران کے تین اضلاع کیچ، گوادر اور پنجگور کے ڈسٹرکٹ لیول پر کامیاب امیدوار طلباء و طالبات نے بدعنوانی کے خلاف تقاریر اور مکالمے پیش کیئے اور کرپشن کے معاشرتی اور معاشی نقصانات پر روشنی ڈالی گئی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی عبدالغفور دشتی نے اپنے خطاب میں کہا کرپشن ایک ایسا ناسور ہے جو اداروں کو اندر سے کھوکھلا کر دیتا ہے۔ یہ بیماری صرف بڑے افسران تک محدود نہیں بلکہ چھوٹے عملے جیسے چپڑاسی تک بھی اس کے اثرات دیکھنے کو ملتے ہیں۔ اگر ہم ایک بہتر اور صاف معاشرہ چاہتے ہیں تو ہر فرد کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ دیانت داری، سچائی اور شفافیت کو اپنا کر ہی ہم اپنے بچوں کو ایک روشن مستقبل دے سکتے ہیں۔ انٹی کرپشن مکران سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر فرید سخی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا بدعنوانی کے خلاف صرف ادارے ہی نہیں بلکہ عوام کی شمولیت بھی ضروری ہے ہم چاہتے ہیں کہ نئی نسل کو یہ شعور دیا جائے کہ کرپشن کے خلاف آواز اٹھانا اور اسے روکنے میں کردار ادا کرنا ان کی بھی ذمہ داری ہے۔ اگر معاشرے کا ہر فرد اپنا حصہ ڈالے تو یہ ناسور جڑ سے ختم ہو سکتا ہے۔طلبہ نے اپنی تقاریر میں کرپشن کے مضر اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کرپشن ایک ایسی لعنت ہے جو نہ صرف ہمیں اپنے فرائض سے غافل کر رہی ہے بلکہ اداروں کو بھی تباہی کے دہانے پر پہنچا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی سے ملک کی ترقی کا پہیہ سست پڑ رہا ہے اور عوامی اعتماد مجروح ہو رہا ہے انہوں نے زور دیا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے شفاف نظام، میرٹ پر مبنی فیصلے اور مضبوط احتسابی عمل ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو دیانت داری، انصاف اور قومی خدمت کے جذبے سے کام لے کر کرپشن کے خلاف عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ طلبہ نے تجویز دی کہ نصابِ تعلیم میں انسدادِ کرپشن اور اخلاقی تربیت سے متعلق مضامین شامل کیئے جائیں تاکہ نئی نسل میں ایمانداری اور ذمہ داری کا شعور پروان چڑھے۔ججز کے فرائض سینئر سائنس ٹیچرز سدھیر لقمان اور ثاقب اسد تھے جنہوں نے ڈویژنل مقابلے کے کامیاب امیدواروں کا اعلان کیا کہ انگریزی تقریری مقابلے میں خدا بادان ضلع پنجگور کے طالبعلم سمیر احمد نے پہلی پوزیشن جبکہ گرلز ماڈل ہائی سکول تربت کی طالبہ شاہدہ حفیظ نے دوسری پوزیشن حاصل کی اس طرح اردو تقریر میں بخشی کالونی ضلع گوادر کی طالبہ علیمہ سلام نے پہلی اور خدا بادان ضلع پنجگور کے ابوبکر نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیئےگئے

