تربت (گدروشیا پوائنٹ) فرینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن کیچ (رجسٹرڈ) کا جنرل باڈی اجلاس منعقد ہوا، جس میں درجنوں اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سابقہ کابینہ کو تحلیل کر کے نئی کابینہ کے انتخاب کا عمل مکمل کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کی سربراہی ڈاکٹر محب اللہ بلوچ نے کی۔ صدر اور جنرل سیکریٹری کے عہدوں کے لیے متعدد امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تاہم بعد میں کئی امیدواروں نے دستبرداری اختیار کی۔ جس کے نتیجے میں شے اقبال بلیدی صدر اور نصیر احمد بلوچ جنرل سیکریٹری بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ بعد میں نو منتخب صدر اور جنرل سیکریٹری نے نئی کابینہ کا اعلان کیا۔ سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر افضل بلوچ، صدر شے اقبال بلیدی، سینئر نائب صدر حافظ عبدالباقی، جونیئر نائب صدر محمد قاسم، جنرل سیکریٹری نصیر احمد بلوچ، ڈپٹی سیکریٹری ڈاکٹر محمد حیات، پروگرام اسسٹنٹ الطاف بلوچ، خازن مجیب الرحمن، انفارمیشن سیکریٹری ڈاکٹر محسن بالاچ اور رابطہ سیکریٹری اسلم قادر منتخب ہوئے۔ اجلاس کے دوران اراکین نے فاؤنڈیشن کی کارکردگی میں بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں۔ نومنتخب صدر شے اقبال بلیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ فرینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن ایک رجسٹرڈ سماجی ادارہ ہے جو عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فاؤنڈیشن نے ماضی میں بے گھر افراد کے لیے گھروں کی تعمیر، بے روزگاروں کی مالی معاونت اور سماجی موضوعات پر لیکچرز و پینل ڈسکشنز کا انعقاد کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس گوادر میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران فاؤنڈیشن نے دیگر سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر بھرپور ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لیا جس کے نتیجے میں سینکڑوں متاثرین کو امداد فراہم کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے نئی کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فاؤنڈیشن اپنی سماجی خدمات کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔

