گوادر( گدروشیا پوائنٹ)گوادر چیمبر آف کامرس کا وفد لاہور انڈسٹریل ایکسپو میں، گوادر کے کاروباری امکانات کو فروغ
لاہور گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (GCCI) کا ایک اہم وفد صوبائی دارالحکومت لاہور میں جاری ویں پاکستان انڈسٹریل ایکسپو 2025 میں شریک ہے۔ یہ تین روزہ نمائش ملک بھر کی کاروباری اور صنعتی برادری کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے اور یہ 29 ستمبر تک جاری رہے گی۔
گوادر چیمبر کے وفد کی قیادت صدر جیہند ہوت کر رہے ہیں، جن کے ہمراہ سیکرٹری خالد سیف اور سینئر ممبر سردار عادل خان بھی شامل ہیں۔ یہ ایکسپو جس کا مقصد ملک میں بزنس کے فروغ اور صنعتی ترقی کو رفتار دینا ہے، میں ملک بھر سے بزنس کمیونٹی کے نمائندے اور انڈسٹریل اتھارٹی کے ممبران شرکت کر رہے ہیں۔ نمائش میں مختلف آئیڈیاز، کنیکٹیویٹی کے نئے طریقے، اور کمپنیوں و صنعتوں کے لیے جدید پلاننگ کی نمائش کی جا رہی ہے۔
تین روزہ اس انڈسٹریل ایکسپو میں، گوادر چیمبر آف کامرس کے صدر، جو ایک نوجوان ریسرچ سکالر بھی ہیں، گوادر بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ان کی شرکت کا بنیادی مقصد ملک کی بڑی صنعتوں اور کاروباری شخصیات کے ساتھ روابط قائم کرنا اور گوادر پورٹ اور فری زون میں موجود وسیع تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کو قومی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
اس وفد کی شمولیت سے امید ہے کہ گوادر کے کاروباری شعبے کو دیگر صوبوں کی صنعتوں کے ساتھ باہمی تعاون بڑھانے اور معاشی ترقی کی نئی راہیں کھولنے میں مدد ملے گی۔

