پسنی: پبلک ویلفیئر ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن بلوچستان کا اہم اجلاس، عوامی مسائل پر غور

پسنی(گدروشیا پوائنٹ)پبلک ویلفیئر ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن بلوچستان کے مرکزی صدر پرویز سفر کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس مرکزی ایگزیکٹیو ممبر میر سلیمان جان کلمتی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں پسنی کے عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اجلاس میں پسنی کی معیشت، کلی بازار روڈ اور اسکول کی حالت، نئے پارک کی ضرورت، زمینوں کے مسائل اور شادی کور ڈیم کے پانی کی تقسیم پر خدشات کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
مرکزی صدر پرویز سفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ:
اس وقت پسنی میں ووکیشنل ٹریننگ سینٹر قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ نوجوان ہنر سیکھ کر معاشی طور پر مضبوط ہوسکیں۔
مرکزی ایگزیکٹیو ممبر میر سلیمان جان کلمتی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پسنی کے طلباء و طالبات کے لیے کیرئیر کونسلنگ نہایت ضروری ہے تاکہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں درست سمت اختیار کرسکیں۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے ہر ضلع میں ہیلتھ کارڈ مریضوں کے علاج کے لیے میسر ہے، مگر افسوس کہ بہت سے لوگوں کو اس حوالے سے معلومات ہی نہیں ہیں۔ اس سلسلے میں عوام کو جلد از جلد آگاہی فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر تحصیل پسنی کے کوآرڈینیٹر خادم پسنی لالا سیلانی نے کہا کہ سمندر کی بندش کے باعث مقامی معیشت زوال کا شکار ہے اور زمینوں کے مسائل فوری توجہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شادی کور ڈیم کا پانی اگر گوادر منتقل ہوتا رہا تو مستقبل میں پسنی کے عوام پانی کی قلت کا شکار ہوجائیں گے۔
اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا جائے کہ مختلف محکموں کے زیر التواء ٹیسٹ و انٹرویوز کے بعد فوری آرڈرز جاری کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مل سکیں۔
اجلاس میں مرکزی صدر پرویز سفر، مرکزی ایگزیکٹیو ممبر میر سلیمان جان کلمتی، تحصیل پسنی کوآرڈینیٹر خادم پسنی لالا سیلانی اور۔ تحصیل پسنی کے سماجی کارکن نودین کریم، انیس حنیف اور رضا مراد بھی شریک تھے