تربت: بغیر رجسٹریشن موٹرسائیکل فروخت پر سخت پابندی شوروم مالکان خبردار، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی

تربت (گدروشیا پوائنٹ)سنیئر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر و موٹر رجسٹرنگ اتھارٹی ضلع کیچ نے تمام موٹرسائیکل شوروم مالکان کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی نئی موٹرسائیکل کی فروخت محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی رجسٹریشن کے بغیر سختی سے ممنوع ہے۔
اعلان میں واضح کیا گیا ہے کہ آئندہ اگر کسی شوروم نے رجسٹریشن کے بغیر موٹرسائیکل فروخت کی تو متعلقہ شوروم مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر غیرقانونی طریقے سے شوروم کے بغیر موٹرسائیکل کی خریدوفروخت کرنے والے افراد کو بھی تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ اس عمل کو فوری طور پر ختم کریں۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق تربت میں عوامی سہولت کے پیشِ نظر گزشتہ ماہ سے کمپیوٹرائزڈ بک کا اجراء کیا جا چکا ہے، لہٰذا شہری اور شوروم مالکان محکمہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے خود کو قانون کے دائرے میں لائیں۔