گوادر: پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ صدر یوسف فریادی اور امداد کھتری کا صوبائی حکومت کی کارکردگی پر اظہارِ مایوسی

گوادر( گدروشیا پوائنٹ )پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ گوادر کے صدر یوسف فریادی اور انفارمیشن سیکرٹری امداد کھتری نے مشترکہ بیان میں کہا کہ رکن صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے بلوچستان اسمبلی کے فلور پر جو بات کہی وہ ہر اس جیالے کارکن کے دل کی ترجمانی ہے جو عوامی مسائل سے جڑا ہوا ہے۔ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو دو سال گزرنے کو ہیں لیکن نہ صرف عوام بلکہ پارٹی کے اپنے ورکرز بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ صوبے میں بے روزگاری عروج پر ہے، سرحدی کاروبار مکمل بند ہیں، ٹرانسپورٹرز اور دوکاندار پریشان ہیں، عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں اور بارڈر کی بندش نے لوگوں کے واحد ذریعہ روزگار کو ختم کر کے نوجوانوں کو مایوسی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ میر لیاقت لہڑی نے دلیرانہ انداز میں یہ حقیقت بیان کی کہ ہم وزیر ہو کر بھی بے بس ہیں اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی کا بیڑا غرق ہو رہا ہے، یہ الفاظ ہر کارکن کے دل کی آواز ہیں۔ یوسف فریادی اور امداد کھتری نے کہا کہ ڈسٹرکٹ گوادر کے ورکروں کو اب تک کوئی پوچھنے والا نہیں، دو سال میں ایک بھی جیالے کو نوکری نہیں ملی، عوام اور کارکن دونوں بے بسی کا شکار ہیں۔ ہم جناب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جناب صدر مملکت پاکستان آصف علی زرداری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر بلوچستان آئیں، صوبائی حکومت کی کارکردگی کا خود جائزہ لیں اور بلوچستان گوادر کے ورکروں کو ریلیف دینے اور عزت دلوانے کے لئے ہنگامی اقدامات کریں۔ جیالوں کی یہ مشترکہ آواز ہے کہ پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے کے مطابق عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان فراہم کیا جائے اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ بدامنی کا خاتمہ اور عوامی خوشحالی ممکن ہو۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہمارے قائد ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ ہمارے دل کی بات سنیں گے اور بلوچستان گوادر کے جیالوں کے مسائل کے حل کے لئے فوری اور عملی اقدامات کریں گے۔