تربت(گدروشیا پوائنٹ)کیچ کلچرل فیسٹیول کی تیاریوں کے سلسلے میں آل پارٹیز، انجمن تاجران اور متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کا ایک اہم اجلاس کیچ کلچرل سینٹر میں فیسٹیول سیکرٹری التاز سخی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں آل پارٹیز کیچ کے کنوینر نواب شمبے زئی، ڈپٹی کنوینر ظریف زدگ، یونس جاوید، آل مکران تاجر اتحاد کے صدر حاجی اسحاق روشن دشتی سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، تاجر نمائندگان اور سرکاری محکموں کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔
فیسٹیول سیکرٹری التاز سخی نے شرکاء کو ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی جانب سے یکم اکتوبر سے 3 اکتوبر تک منعقد ہونے والے کیچ کلچرل فیسٹیول 2025 کے مختلف پروگرامز، سرگرمیوں اور انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول میں محکمہ جاتی اسٹالز کے ساتھ ساتھ بک اسٹالز، فوڈ اسٹالز اور دیگر متنوع سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ اس بار لگائے جانے والے اسٹالز روایتی انداز کے بجائے نئے اور منفرد طرز کے ہوں تاکہ عوام کو کچھ نیا اور دلکش دیکھنے کو ملے۔ فیسٹیول کے انعقاد کا بنیادی مقصد لوگوں کو علمی، ادبی، ثقافتی اور تفریحی مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ یہ فیسٹیول صرف ایک تقریب نہیں بلکہ ایک یادگار اور تاریخی ایونٹ بن سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیچ کلچرل فیسٹیول کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی موجودگی سے یہ ثابت کریں کہ ہم ایک زندہ، بیدار اور باشعور سماج ہیں۔
اجلاس میں شریک مختلف سیاسی، سماجی اور تجارتی نمائندوں نے فیسٹیول کے حوالے سے اپنی آراء اور قیمتی تجاویز بھی پیش کیں، جنہیں فیسٹیول انتظامیہ نے نہایت سنجیدگی سے سنا اور عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

