تربت: کیچ کلچرل فیسٹیول کے حوالے سے ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کا اہم اجلاس منعقد

تربت(گدروشیا پوائنٹ) کیچ کلچرل فیسٹیول کمیٹی کے زیرِ اہتمام اور ڈپٹی کمشنر کیچ کے بھرپور تعاون سے ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی ذمہ داریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منظور بلوچ نے کی، جبکہ فیسٹیول کمیٹی کے سیکریٹری التاز سخی نے اجلاس کو فیسٹیول کے پروگرام، اسٹالز اور تعلیمی شعبے کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے افسران، پرنسپل صاحبان، ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریسز نے شرکت کی اور تین روزہ کیچ کلچرل فیسٹیول میں طلبہ، اساتذہ اور اداروں کی فعال شمولیت کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں تعلیمی اسٹالز، طلبہ کی والنٹیئر ٹیموں، ثقافتی و سائنسی سرگرمیوں اور فیسٹیول کے دوران تعلیمی اداروں کی معاونت کے عملی منصوبے پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے اختتام پر پرنسپل ماڈل ہائی اسکول، اکبر بلوچ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ اپنے حصے کی تمام ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے نبھائے گا تاکہ ڈپٹی کمشنر کیچ کے تعاون سے کیچ کلچرل فیسٹیول کو شاندار کامیابی دی جا سکے۔