تربت: سیسا ضلع کیچ کابینہ کا اجلاس، تعلیمی مسائل اور پروموشن کیسز زیر بحث

تربت(گدروشیا پوائنٹ) سیسا ضلع کیچ کابینہ کا اجلاس 20 ستمبر 2025 کو ضلعی دفتر میں صدر حاجی اختر ایاز بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت فضل احمد نے حاصل کی۔ اجلاس میں مختلف ایجنڈوں پر تفصیلی بحث کی گئی اور گزشتہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ گرینڈ الائنس کے حوالے سے بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں ڈویژنل صدر محمد انور بلوچ، سینئر نائب صدر صابر دانش، جونیئر نائب صدر محمد کریم، آرگنائزر اصغر علی، چیئرمین کامریڈ رسول بخش، جوائنٹ سیکریٹری ثاقب اسد، پریس سیکریٹری بدل خان، سیکریٹری خزانہ محمد یوسف، آفس سیکریٹری فضل احمد، ڈویژنل پریس سیکریٹری رضوان حبیب، ضلعی کوآرڈینیٹر محمد بخش، سینئر ممبر و ماہر تعلیم ڈاکٹر ندیم اور دیگر اراکین شریک ہوئے۔
اجلاس میں پروموشن کیسز پر بریفنگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ پروموشن زون میں شامل اساتذہ و افسران کا اجلاس 6 اکتوبر 2025 کو منعقد کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں گریڈ 17 سے 19 تک کے تمام SSTs کو مدعو کیا جائے گا تاکہ ان کے کیسز اور پروموشن کے بعد ممکنہ پوسٹنگز پر رائے لی جا سکے۔
ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو 22 ستمبر سے سٹی ایریا کے اسکولوں کا دورہ کرے گی اور ہیڈماسٹرز و ہیڈمسٹریسز کو سیسا کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرے گی۔ اجلاس میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ سینئر اساتذہ کی موجودگی میں جونیئر اساتذہ کو ہیڈماسٹر یا ہیڈمسٹریس تعینات کرنے کے عمل پر غور کیا جائے۔ جونیئر SSTs کو ADEO اور Own Pay ADEO بنانے کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔اجلاس میں کلسٹر بجٹ کی غیرمنصفانہ تقسیم، بجٹ میں خورد برد، ایڈیشنل و ایکٹنگ چارج اور Extra DDO کوڈ کے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی 14 جولائی کو سیکریٹری تعلیم کے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد نہ ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے موجودہ حکومت، صوبائی وزیر تعلیم اور سیکریٹری تعلیم کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہا اور تعلیمی ترقی کے لیے اسکول کھلوانے جیسے اقدامات کی بھرپور حمایت کی۔ اجلاس میں ضلع کیچ میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے اور کنٹریکٹ اساتذہ کی بھرتی کے عمل کو جلد مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ شفاف اور غیرجانبدار بھرتیوں کے بغیر اساتذہ کی کمی دور نہیں ہو سکتی۔ مزید کہا گیا کہ تعلیمی افسران کے فلڈ وزٹ کے لیے سفری سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کی وجہ سے انہیں اسکولوں کے دوروں میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ اس کے باوجود افسران اپنی بساط کے مطابق وزٹ اور رپورٹس مرتب کرتے ہیں مگر اکثر ان رپورٹس کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔ اجلاس میں سٹی پروجیکٹ کے تحت محکمہ تعلیم کے التوا کا شکار منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ آخر میں صدر سیسا کیچ حاجی اختر ایاز بلوچ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔