تربت (گدروشیا پوائنٹ)یونیورسٹی آف تربت کے تیسرے کانووکیشن کے لیے مرکزی کانووکیشن کمیٹی کا پانچواں اجلاس کنٹرولر امتحانات اور کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر عبدالماجد ناصر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈین فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس ڈاکٹر عدیل احمد، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر ریاض احمد، ڈائریکٹر فنانس شاہ بیک سید، ڈائریکٹر پبلک ریلیشن اعجاز احمد، پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر کمال احمد، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز چاکر حیدر، انچارج پروکیورمنٹ ونگ سراج احمد، ڈپٹی رجسٹرار شاہد خالد اور ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شکیل احمد سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں تیسرے کانووکیشن کے کامیاب انعقاد کے لیے جاری تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اکیڈمک، انتظامی، مالیاتی اور لاجسٹک امور پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا کہ کانووکیشن نومبر 2025 کے تیسرے ہفتے میں منعقد کیا جائے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کمیٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی اور ذیلی کمیٹیوں کے درمیان مؤثر تعاون پر زور دیا۔ کمیٹی ارکان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی آف تربت کے تیسرے کانووکیشن کو ایک یادگار اور تاریخی تقریب بنایا جائے گا تاکہ فارغ التحصیل طلبہ کی کامیابیوں کو شایان شان انداز میں خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔

