تربت(گدروشیا پوائنٹ)بلوچستان حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی پر بلوچستان بھر کی طرح تربت سمیت مختلف علاقوں میں میونسپل سروسز کی معطلی کا خدشہ۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے میونسپل اداروں کو فنڈز جاری نہ کیے جانے کے خلاف آل بلوچستان چیئرمین اتحاد برائے میونسپل کارپوریشن کی کال پر تربت میں میونسپل خدمات معطل ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ اس احتجاج کے تحت میونسپل کارپوریشن تربت، میونسپل کمیٹی بلیدہ اور تمپ کے دفاتر بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ صرف ایمرجنسی طور پر فائربریگیڈ کی سروس جاری رہے گی۔
میونسپل کارپوریشن تربت کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام صوبائی سطح پر ہونے والے احتجاج کے سلسلے میں کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری فنڈز کی بندش کے باعث میونسپل اداروں کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف شہریوں کو بنیادی خدمات فراہم کرنا ممکن نہیں رہا بلکہ ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی تعطل کا شکار ہے۔
ترجمان کے مطابق آل بلوچستان چیئرمین اتحاد کے مرکزی چیئرمین محمد آصف جمالدینی کی جانب سے احتجاجاً تمام میونسپل خدمات معطل کرنے کی کال دی گئی ہے جس پر تربت سمیت متعلقہ علاقوں میں مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔
مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دوران تعاون کا مظاہرہ کریں اور ایمرجنسی کی صورت میں فائر بریگیڈ کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں کیوں کہ معمول کی صفائی، نکاسیٔ آب، کچرا اٹھانے اور دیگر بلدیاتی خدمات احتجاج کے دوران معطل رہیں گی۔
میونسپل حکام کا کہنا ہے کہ جب تک صوبائی حکومت فنڈز کی فوری اور مکمل فراہمی یقینی نہیں بناتی اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا۔

