مند(گدروشیا پوائنٹ)ردیگ گرامر اسکول کا افتتاح، معیاری تعلیم کی جانب اہم قدم۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے پاک ایران سرحدی علاقے ردیگ مند میں حال ہی میں تعمیر شدہ ردیگ گرامر اسکول کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت اسکول کے سربراہ حاجی عصاء واجو نے کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا. جس کے بعد طلبہ و طالبات نے ٹیبلو اور تقاریر پیش کیں، جن میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب سے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول سورو مند کے ہیڈ ماسٹر حاجی شیر محمد، یونین کونسل بلو کے وائس چیئرمین حاجی حنیف رند، حاجی نزیر فقیر، مختار بھرام، حاجی نزیر دین، حاجی پزیر، حاجی عبیدی اور گرلز ہائی اسکول کوہ پشت کی ہیڈ مسٹریس میڈم شہناز سمیت دیگر معزز مہمانوں نے خطاب کیا۔ مقررین نے حاجی عصاء واجو کی تعلیمی میدان میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ردیگ گرامر اسکول علاقے کے بچوں کیلئے ایک روشن مستقبل کی بنیاد بنے گا۔ مند کے سرحدی علاقے ردیگ میں بچوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے “ردیگ گرامر اسکول” کا قیام عمل میں لایا گیا۔ یہ قدم مقامی لوگوں کی درخواست اور علاقے میں تعلیمی سہولیات کی کمی کے پیشِ نظر اٹھایا گیا جس کی ذمہ داری علاقے کی معروف شخصیت حاجی عصاء واجو نے بخوشی قبول کی۔
تقریب میں گرلز ہائی اسکول کوہ پشت کی طالبات نے بھی شرکت کی اور مقامی طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے ٹیبلو پیش کیئے۔ آخر میں مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا جبکہ حاجی عصاء واجو نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

