تربت(گدروشیا پوائنٹ)معروف سیاسی و سماجی رہنما میر فدا حکیم رند نے کمشنر مکران ڈویژن قادر بخش پرکانی سے ملاقات کی، جس میں خطے کے موجودہ امن و امان کی صورتحال، عوامی مسائل اور ترقیاتی امور پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران میر فدا حکیم رند نے مکران، خصوصاً سرحدی علاقوں جیسے مند، تمپ اور بلیدہ میں درپیش چیلنجز اور عوامی محرومیوں کو تفصیل سے اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مکران ڈویژن جو سرحدی اور اسٹریٹیجک اہمیت رکھتا ہے آج بھی صحت، تعلیم، روزگار اور سڑکوں جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
انہوں نے کہا کہ:
“جب تک امن نہیں ہوگا ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ دہشتگردی، بارڈر پر پالیسیوں اور مقامی آبادی کے معاش متاثر باعث عوام میں بےچینی پائی جاتی ہے، جسے دور کرنے کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
میر فدا حکیم رند نے کمشنر پرکانی کی توجہ اس جانب بھی مبذول کرائی کہ مکران میں سیاسی محرومیوں، بیروزگاری، بارڈر پالیسیوں میں تضاد اور نوجوانوں کے لیے مواقع کی کمی جیسے مسائل امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
اس موقع پر کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے کہا کہ انتظامیہ عوام کے جان و مال کی تحفظ اور انتظامیہ سے منسلک مسائل کے حل کی سنجیدہ کوشش کررہی ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مکران میں امن، ترقی اور فلاحی منصوبوں کے فروغ کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر بڑھا جائے گا۔

