تربت: کمشنر مکران کی زیر صدارت میرانی ہاؤسنگ اسکیم پر اہم اجلاس

تربت(گدروشیا پوائنٹ)کمشنر مکران ڈویژن قادر بخش پرکانی کی زیر صدارت میرانی ہاؤسنگ اسکیم تربت سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، مختلف اداروں کے نمائندگان، متعلقہ افسران اور منصوبے سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔
اجلاس میں میرانی ہاؤسنگ اسکیم کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی جائزہ لیا گیا، خصوصاً پیکیج 1 تا 11 کے پی سی-ون (PC-1) کی موجودہ حیثیت، ممکنہ ترامیم، اخراجات اور وقت کے تخمینے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر مکران نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے اداروں کے درمیان قریبی مشاورت، شفافیت اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے کی بہتری اور مانیٹرنگ کے لیے خصوصی انجینئر تعینات کیے جائیں گے، جو جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ اور جائزہ لیں گے اور اپنی رپورٹس براہ راست کمشنر آفس کو پیش کریں گے۔
کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے اس موقع پر کہا کہ میرانی ہاؤسنگ اسکیم تربت کے شہریوں کے لیے ایک اہم رہائشی منصوبہ ہے، جس کی بروقت تکمیل سے مقامی آبادی کو معیاری سہولیات اور جدید رہائشی سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے اس منصوبے کو تربت کے ترقیاتی ڈھانچے میں سنگ میل قرار دیا۔