تربت(گدروشیا پوائنٹ)پاکستان نیشنل پارٹی کے سابق مرکزی سیکرٹری اوورسیز اور مکران کے نامور سیاسی وسماجی رہنما شاہد گچکی نے تربت پریس کلب کے صحافیوں کے اعزاز میں تربت میں اپنی رہائش گاہ پر پرتکلف ظہرانہ دیا۔
ظہرانہ میں تربت پریس کلب سے وابستہ صحافیوں کے علاوہ کیچ سول سوسائٹی کے نمائندے التاز سخی، عومر ہوت، غلام اعظم دشتی، قدیرلقمان بھی شریک تھے۔
اس موقع پر موجودہ ملکی اور علاقائی سیاسی صورتحال سمیت دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہد گچکی نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ علاقائی ترقی وعوامی مسائل ومشکلات کے حل کیلئے معاشرے کے ہرفرد کو اپنا کردار نبھانا چاہیے اور ترقیاتی اسکیموں کی نگرانی اور ان کے معیارپر نظررکھنی چاہیے کیونکہ عام طورپر مشاہدہ میں آرہاہے کہ عوامی فنڈز عوامی فلاح پر خرچ ہونے کے بجائے جیبوں کی نذر ہورہے ہیں۔
ان کاکہنا تھاکہ سرکاری فنڈز منصوبہ بندی اور کسی منظور شدہ ماسٹر پلان کے بجائے غیرضروری اسکیموں پر ضائع کئے جارہے ہیں جس سے عوام کومطلوبہ فوائد نہیں مل رہے یہی وجہ ہے کہ ہرسال اربوں روپے ترقیاتی مد میں مختص اور خرچ ہونے کے باوجود عوامی مشکلات میں کمی نہیں آرہی ہے بلکہ ہمارے حلقہ بلیدہ شہرک ہوشاب میں سب سے زیادہ بیروزگاری ہے، معمولی علاج کے لیے غریب عوام کو تربت شہر کے اسپتالوں میں آنا پڑتا ہے۔ اسکول بالکل تباہ ہوچکے ہیں لوگ اپنے بچوں کی تعلیم کی خاطر تربت کا رخ کرتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ حلقے کے لوگوں کے لیے مستقبل میں آسانیاں پیدا کرنے میں مدد کر سکیں۔
شاہد گچکی نے کہاکہ سماجی تبدیلی کیلئے صحافیوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، انہوں نے کیچ کے صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ تنخواہیں اورمراعات نہ ملنے کے باوجود وہ اپنے سماج کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں ہیں۔
تربت پریس کلب کے صدر حافظ صلاح الدین سلفی نے شاہد گچکی کا شکریہ اداکیا اورکہاکہ تربت پریس کلب ہراچھے اورمثبت سوچ اور عمل کا ساتھ دے گی ہم اس سماج کا حصہ ہیں اور سماج کی بہتری کیلئے حتی الوسع کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

