نوکنڈی: خان محمد آصف سنجرانی مرحوم کی فاتحہ خوانی سنجرانی ہاؤس میں جاری

نوکنڈی(گدروشیا پوائنٹ)بزرگ رہنما اور خان سنجرانی پینل کے سربراہ، خان محمد آصف سنجرانی مرحوم کی فاتحہ خوانی کا سلسلہ سنجرانی ہاؤس نوکنڈی میں جاری ہے۔ ضلع چاغی کے دُور دراز علاقوں سے آنے والے قبائلی و سیاسی عمائدین، سرکاری افسران اور عوامی نمائندوں نے مرحوم کے فرزندان، سابق چیئرمین سینیٹ و رکن صوبائی اسمبلی محمد صادق سنجرانی، سابق ایم ڈی سیندک پراجیکٹ حاجی محمد رازق سنجرانی ، سابق صوبائی مشیر میر اعجاز خان سنجرانی، محمد ضیاء خان سنجرانی سے تعزیت کی۔

کمانڈنٹ تفتان رائفلز بریگیڈیئر عامر خلیل نے بھی سنجرانی ہاؤس کا دورہ کرکے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مرحوم خان محمد آصف سنجرانی نے ضلع چاغی خصوصاً نوکنڈی میں امن و امان اور ترقی کے لیے جو خدمات انجام دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خان محمد آصف سنجرانی ایک مخلص، خیر خواہ اور نڈر شخصیت تھے، جن کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔
فاتحہ خوانی کے موقع پر رکن صوبائی اسمبلی حاجی میر زابد علی ریکی، میر داوئود خان نوتیزئی ،سردار نجیب سنجرانی ،سردار عطاء الرحمن موسیٰ زئی، حاجی قیوم بادینی سمیت دیگر اہم سیاسی و قبائلی رہنما بھی موجود تھے۔