نوکنڈی: ڈیٹا انٹرنیٹ بحال، طویل بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا

نوکنڈی ( گدروشیا پوائنٹ)
نوکنڈی میں چھ اگست سے معطل ڈیٹا انٹرنیٹ یکم ستمبر کو بحال کردیا گیا۔ تقریباً ایک ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہنے والی اس بندش نے صارفین، تاجر برادری، صحافیوں کے ساتھ ساتھ آن لائن کاروبار اور تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو شدید مشکلات سے دوچار کیے رکھا۔
عوامی حلقوں نے ڈیٹا انٹرنیٹ کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دورِ جدید میں انٹرنیٹ زندگی کا لازمی جزو بن چکا ہے جس کے بغیر نہ کاروبار ممکن ہے اور نہ ہی تعلیم و تحقیق کا سلسلہ جاری رکھا جا سکتا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں اس نوعیت کی طویل بندش سے گریز کیا جائے تاکہ عوامی مسائل میں اضافہ نہ ہو۔