تُربت(گدروشیا پوائنٹ)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زوہیب محسن نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں غیرقانونی لاٹری اور اس سے جڑی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی عوام، مذہبی رہنماؤں اور مقامی میڈیا کے مطالبے پر کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے اقدامات کی حوصلہ شکنی اور شہریوں کو تکلیف دینے والے عناصر کو روکنا تھا۔ ہم نے متعلقہ افراد کو پہلے ہی متعدد بار خبردار کیا تھا کہ وہ اس کام سے باز آ جائیں، لیکن ہدایت پر عمل نہ ہونے پر کریک ڈاؤن ناگزیر تھا۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ کارروائی کے دوران کئی گاڑیاں تحویل میں لی گئیں، جن میں سے دو کے خلاف مقدمات درج کر کے عدالت بھجوائے جا چکے ہیں۔ تاہم عوامی نمائندوں، معتبرین اور اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ باقی ضبط شدہ گاڑیاں مالکان کو واپس کر دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ “ایک پولیس آفیسر اور مقامی شہری ہونے کے ناطے میں یہ نہیں چاہتا کہ پولیس کی وجہ سے کسی کو کروڑوں روپے کا بڑا نقصان ہو۔ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔
ڈی پی او زوہیب محسن نے آخر میں کہا کہ اگر آئندہ کسی بھی شخص یا گروہ نے غیرقانونی لاٹری یا ایسی سرگرمی میں حصہ لیا جس سے عوامی شکایات پیدا ہوں، تو بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ عوام پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر میں امن اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔

