تربت(گدروشیا پوائنٹ)نیشنل پارٹی کے قائد، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے منگل کے روز اپنے فنڈز سے زیرتعمیر تربت پریس کلب کی نئی عمارت کا دورہ کیا۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنما واجہ ابوالحسن بلوچ، انور اسلم، تربت پریس کلب کے صدر حافظ صلاح الدین سلفی سمیت دیگر صحافی وشخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پریس کلب کے جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ایم پی اے فنڈز سے 2 کروڑ 65 لاکھ روپے کی لاگت سے پریس کلب کی نئی عمارت تعمیر کی جارہی ہے، جس کا کام اس وقت گراؤنڈ فلور کے روپ بینڈ تک پہنچ چکا ہے، عمارت کی تعمیراتی کام کے جائزے کے بعد انہوں نے تربت پریس کلب میں صحافیوں سے ملاقات کی اور ملکی و علاقائی سیاسی صورتحال، صحافتی مسائل اور دیگر اہم امور پر غیر رسمی گفتگو کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ اداروں کو مزید بہتر اور مستحکم بنایا جائے کیونکہ یہی ادارے ہمارے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادبی و ثقافتی مراکز، پریس کلب، تعلیم اور صحت کے ادارے ایک مضبوط سماجی ڈھانچے کی بنیاد ہیں۔ نیشنل پارٹی ایک جمہوری و سیاسی جماعت ہے جو آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے عوام کو ان کے جائز اور آئینی حقوق دلانے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔

