تربت:آل مکران تاجران اتحاد کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کو خراجِ تحسین

تربت(گدروشیا پوائنٹ)آل مکران تاجران اتحاد کے صدر حاجی اسحاق روشن دشتی نے کیچ کلچرل سینٹر میں آرٹس گالہ کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کیچ میں اس طرح کا تاریخی اور شاندار فیسٹیول وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس ادبی و ثقافتی میلے سے نہ صرف عوام کو تفریحی مواقع میسر آئیں گے بلکہ ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ ان کے مطابق آرٹس گالہ جیسے ایونٹس سماج کی علمی و ثقافتی اقدار کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ کاروبار اور انٹرپرینیورشپ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
حاجی اسحاق روشن دشتی نے کہا کہ ایسے مثبت پروگرام نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں سامنے لانے کا موقع دیتے ہیں اور خطے میں مثبت تبدیلی کی راہ ہموار کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آل مکران تاجران اتحاد ڈپٹی کمشنر گوادر اور ڈپٹی کمشنر پنجگور سے بھی اپیل کرتا ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں اسی نوعیت کے ادبی، ثقافتی اور تجارتی ایونٹس کا انعقاد کریں تاکہ پورے مکران ڈویژن میں ترقی، ہم آہنگی اور خوشحالی کی نئی فضا قائم ہو سکے۔
آخر میں حاجی اسحاق روشن دشتی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کیچ اور ان کی ٹیم کی یہ کاوشیں کیچ کی تاریخ میں سنہری باب کے طور پر یاد رکھی جائیں گی