تمپ(گدروشیا پوائنٹ) گورنمنٹ ہائی اسکول تمپ میں ایس ایس ٹی فورم کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحصیل تمپ کے مختلف ہائی اسکولوں کے ایس ایس ٹی اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں اساتذہ کو درپیش مسائل، ان کے حل اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس کی صدارت ایس ایس ٹی فورم کے سربراہ ملک مقبول احمد نے کی۔ اس موقع پر مرکزی رہنماؤں منظور احمد، مولابخش بلوچ اور کامریڈ رسول بخش نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ تدریسی عمل کو کامیاب بنانے کے لیے اساتذہ کے مسائل کا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اساتذہ کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ فورم کے سربراہ ملک مقبول احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیمی ترقی کے بغیر معاشرتی ترقی ممکن نہیں اور اس ضمن میں اساتذہ کے مسائل کا ازالہ اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں ہیڈ ماسٹر نور احمد (ہائی اسکول تمپ)، ہیڈ ماسٹر عبدالغنی (ہائی اسکول گومازی)، جی ٹی اے تمپ کے جنرل سیکرٹری عبدالغی بلوچ، سابق ڈی ڈی او تمپ رفیق احمد، ہیڈ ماسٹر نزیر احمد (ہائی اسکول آسیہ آباد)، ہیڈ ماسٹر یاسین بلوچ (ہائی اسکول پھلا آباد) سمیت دیگر اساتذہ نے بھی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شرکاء نے مشترکہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ اساتذہ کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جائے گی تاکہ تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر اساتذہ کرام نے گروپ فوٹو بھی لیا، جو اتحاد اور یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے۔

