تربت(گدروشیا پوائنٹ)میونسپل کارپوریشن تربت نے شہر میں خصوصی صفائی مہم کا آغاز کر دیا۔ میئر تربت بلغ شیر قاضی کی ہدایت پر، چیف آفیسر شعیب ناصر کی نگرانی میں یہ مہم ایئرپورٹ چوک سے تعلیمی چوک اور تختی چوک تک جاری ہے۔ اس کا مقصد اہم شاہراہوں اور مرکزی مقامات کو کچرے اور ملبے سے پاک کرنا ہے۔
مہم کے دوران میونسپل عملہ صفائی مشینری اور گاڑیوں کے ذریعے مختلف سڑکوں اور گلیوں سے کچرا اُٹھا رہا ہے، جبکہ شاہراہوں پر موجود مٹی اور ملبہ بھی صاف کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔
چیف آفیسر شعیب ناصر نے کہا کہ “صفائی نصف ایمان ہے” اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ماحول کو صاف رکھنے میں تعاون کریں۔ میونسپل حکام کے مطابق مہم کو مرحلہ وار شہر کے دیگر علاقوں تک بھی پھیلایا جائے گا۔

