مند(گدروشیا پوائنٹ)ضلع کیچ کی تحصیل تمپ اور مند میں بجلی کی طویل بندش، عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ مقامی شہریوں اور تاجروں نے نمائندہ گدروشیا پوائنٹ کو بتایا کہ تمپ اور مند میں گزشتہ 30 گھنٹوں سے زائد عرصے سے چھ فیڈرز کی بجلی بند ہے، جس کے باعث عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ لاکھوں روپے کی ریکوری کے باوجود 10 گھنٹے کی معاہدہ شدہ بجلی بھی فراہم نہیں کی جا رہی۔ مساجد میں پانی ناپید ہو چکا ہے اور گرمی کی شدت میں عوام شدید متاثر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تمپ کے تینوں فیڈرز تمپ سٹی، گومازی اور بالیچہ — سے بجلی کی فراہمی گزشتہ 30 گھنٹوں سے زیادہ بند ہے۔ کیسکو حکام میگاواٹ کی کمی کا بہانہ بنا کر سارا ملبہ ایران کی حکومت پر ڈال رہے ہیں، جبکہ پورے مکران کو نیشنل گرڈ سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ لیکن صرف تمپ اور مند کو اندھیرے میں دھکیل دیا گیا ہے۔
بجلی کی بندش کے نتیجے میں دونوں علاقوں میں مکمل بلیک آؤٹ ہے، عوام کو گرمی، پانی کی قلت اور کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ کیسکو حکام ایران سے بجلی میں کمی کا بہانہ بنا کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ حالانکہ اگر ایران سے بجلی کم ہو بھی جائے، تو مکران بھر کو نیشنل گرڈ سے بجلی فراہم کی جاتی ہے، مگر تمپ اور مند کو اس سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
مقامی عوام کا کہنا ہے کہ وہ نیشنل گرڈ کی بجلی کے برابر حقدار ہیں، لیکن کیسکو کی ہٹ دھرمی بدستور جاری ہے۔ واضح رہے کہ تمپ اور مند کے عوام معتبرین کے ساتھ مل کر گھر گھر چندہ کر کے ہر ماہ لاکھوں روپے کی ریکوری خود وصول کرتے ہیں اور اسے بینک میں جمع کراتے ہیں، مگر اس کے باوجود کیسکو بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہے۔
شدید گرمی میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ بجلی جو کہ بنیادی ضرورت ہے، وہ بھی کیسکو نے تمپ اور مند کے دونوں گرڈ اسٹیشنوں کی فراہمی معطل کر کے عوام کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔

