تربت: آبسر میں دی وژن سوسائٹی گرائمر اسکول کا قیام، مستحق بچوں کو مفت معیاری تعلیم

تربت(گدروشیا پوائنٹ) مستحق بچوں کیلئے دی وژن سوسائٹی گرائمر اسکول کا قیام۔ تفصیلات کے مطابق تربت کے علاقے آبسر میں تعلیم کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے، جہاں دی وژن سوسائٹی گرائمر اسکول کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ تعلیمی منصوبہ انجینئر نوروز غفور نے میر سید محمد ویلفیئر ٹرسٹ کے اشتراک سے شروع کیا ہے، جس کا مقصد علاقے کے نادار اور مستحق بچوں کو جدید اور معیاری تعلیم بالکل مفت فراہم کرنا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں اسکول میں نرسری سے آٹھویں جماعت تک مفت تعلیم دی جائے گی، جبکہ آئندہ برسوں میں اسے اعلیٰ جماعتوں تک توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔ اسکول میں جدید نصاب، معیاری تدریسی طریقہ کار، اخلاقی تربیت، شخصیت سازی، کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، تاکہ طلبہ کو تعلیم یافتہ اور ذمہ دار شہری بنایا جا سکے۔
اسکول کہودہ یوسف محلہ، آبسر میں واقع ہے اور داخلوں کا آغاز 15 اگست 2025 سے کیا جائے گا۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے مستحق بچوں کو اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے رجسٹر کروائیں۔
دی وژن سوسائٹی گرائمر اسکول کو ایک اہم سماجی خدمت قرار دیتے ہوئے عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے تعاون کریں اور اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ پھیلائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق بچے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔