تربت:کلثوم دشتی کی شاندار کامیابی، تربت سمیت بلوچستان کا نام روشن

تربت (گدروشیا پوائنٹ) کلثوم لیاقت علی دشتی جو ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہوں نے بلوچستان بھر میں میٹرک امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ کلثوم نے مجموعی طور پر 903 نمبر حاصل کیئے ہیں جو تقریباً 82 فیصد بنتے ہیں، اور اپنی محنت و لگن سے پورے صوبے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ یہ کامیابی خاص طور پر اہم ہے کیونکہ کلثوم نے اپنی تعلیم فلاحی تنظیم”ہیلپنگ ہینڈ ریلیف فار ڈیولپمنٹ” کی معاونت سے مکمل کی جس نے ان کے تعلیمی سفر میں اہم کردار ادا کیا۔ کلثوم کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر ہے، جو تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔
کلثوم کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت، لگن اور مواقع ملنے پر غریب گھرانوں کے بچے بھی بڑے تعلیمی کارنامے انجام دے سکتے ہیں۔ یہ مثال صوبے کے دیگر طلبہ کو بھی جدوجہد کرنے اور خواب پورے کرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔
حکومت اور تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ ایسے ہونہار طلبہ کے لیے خصوصی اسکالرشپ پروگرامز متعارف کرائیں فلاحی تنظیمیں مزید بچوں کو تعلیمی معاونت فراہم کریں تاکہ بلوچستان میں شرح خواندگی بہتر ہو۔ میڈیا کو ان کامیاب کہانیوں کو زیادہ اجاگر کرنا چاہیے تاکہ نوجوانوں میں مقابلے اور محنت کا جذبہ بڑھے۔